Wednesday, October 18, 2006

سرائیکی زبان کا ٹی وی چینل روہی

پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی یعنی ’پیمرا‘ نے بدھ کے روز سرائکی زبان میں ایک نجی ٹی وی چینل ’روہی‘ شروع کرنے کے لیے لائسنس جاری کردیا ہے۔
ملک میں علاقائی زبانوں میں سندھی، پنجابی اور پشتو کے بعد سرائکی چوتھی زبان ہے جس میں کسی نجی ٹی وی چینل کا لائسنس جاری کیا گیا ہے۔
پاکستان کی بڑی علاقائی زبانوں میں بلوچی واحد زبان ہے جس میں تاحال ملک سے کسی نجی ٹی وی چینل کی نشریات شروع نہیں ہوسکیں۔
تاہم بعض بلوچ قومپرستوں نے جب ’بلوچ وائس‘ کے نام سے نجی ٹی وی چینل شروع کرنا چاہا اور لائسنس لینے کی خاطر منیر مینگل نامی شخص پاکستان پہنچے تو انہیں مبینہ طور پر انٹیلیجنس ایجنسیوں نے حراست میں لے لیا اور تاحال وہ لاپتہ ہیں۔
’روہی‘ کے نام سے پاکستان سے شروع ہونے والا یہ سرائکی زبان کا تاحال یہ واحد نجی ٹی وی چینل ہے جس کے لیے پیمرا نے لائسنس جاری کیا ہے۔ تاہم پنجابی زبان کا ایک ٹی وی چینل پاکستان سے لائسنس لیے بنا بیرون ملک سے ’کوک‘ نامی ایک سرائکی زبان کا چینل چلا رہا ہے۔
پاکستان کی پندرہ کروڑ آبادی میں سے نصف آبادی والے صوبہ پنجاب کی آدھے کے قریب آبادی سرائکی بولتی اور سمجھتی ہے۔ جبکہ صوبہ سندھ میں آباد بعض بلوچ قبائل کی مادری زبان بھی سرائکی ہے۔
روہی ٹی وی کے ایک سینیئر عہدیدار عامر متین نے بتایا کہ وہ دو ماہ کے اندر اپنے سرائکی ٹی وی چینل کی نشریات کا آغاز کردیں گے۔
واضح رہے کہ لفظ ’روہی‘ کا مطلب ریگستان ہے اور سرائکی شاعری میں اُسے ایک اہم حیثیت حاصل ہے۔ بعض سرائکی دانشوروں کا کہنا ہے کہ روہی کا کلچر ہندوستان کے علاقے راجستھان اور سندھ کے تھل سے خاصی مماثلت رکھتا ہے۔


بی بی سی اردو

0 Comments:

Post a Comment

بد تہذیب تبصرے حذف کر دیئے جائیں گے
نیز اپنی شناخت چھپانے والے افراد کے تبصرے مٹا دیئے جائیں گے۔

<< Home